انگلینڈ کے خلاف ہندوستان’’اے‘‘ کا پریکٹس مقابلہ
ممبئی،9؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کپتان کے طور پر مہندر سنگھ دھونی کل شاید آخری بار میدان پر اتریں گے۔موقع ملے گا انگلینڈ کے خلاف پہلے پریکٹس میچ کا جس میں دھونی انڈیا اے ٹیم کی قیادت کریں گے۔اپنے اچانک فیصلوں سے کرکٹ کو حیران کرنے والے مہندر سنگھ دھونی نے گزشتہ ہفتے ٹیم انڈیا کی ون ڈے اور ٹی 20کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ لے کر ایک بار پھر سب کو چونکایا تھا۔کیپٹن کول کے نام سے مقبول دھونی کے اس فیصلے کے بعد وراٹ کوہلی کے ہاتھوں میں تینوں فارمیٹ کی کپتانی آ گئی ہے۔
ٹیم انڈیا کے کپتان کے طور پر سفر ختم ہونے کے بعد دھونی کے نام کے آگے کل یہاں بریبورن اسٹیڈیم پر ہونے والے اس میچ میں آخری بار کپتان لکھا ہوگا۔کپتان کے طور پر یہ دھونی کا آخری میچ ہونے کی وجہ سے میچ دیکھنے کے لئے ناظرین کی بھیڑ امنڈنے کا امکان ہے،اس کے لئے اسٹیڈیم بڑی تعداد میں پولیس کی تعیناتی کی توقع ہے۔سپریم کورٹ کے بی سی سی آئی سربراہ انوراگ ٹھاکر اور سیکریٹری اجے شرکے کو برخاست کرنے کے بعد اس میچ کا انعقاد ہو رہا ہے۔اس حکم کے بعد بورڈ کے اعلی افسران اپنے عہدے پر بنے رہنے کے اہل نہیں رہ گئے ہیں۔
یہ یقینی ہے کہ ناظرین کی نگاہوں کے مرکز مہندر سنگھ دھونی ہی ہوں گے۔ان کے علاوہ ٹیم انڈیا میں واپسی کر رہے محدود اوورز کے میچوں کے ماہر یوراج سنگھ اور آشیش نہرا پر بھی نگاہیں ہوں گی۔ان تینوں عمردراز سابق اسٹارس کو 15جنوری کو پونے میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان شروع ہو رہی ہے تین ون ڈے اور تین ٹی 20میچوں کی سیریز سے پہلے پریکٹس کے لئے یہ واحد میچ ملے گا۔دھونی اور یوراج کو ون ڈے اور ٹی 20دونوں ٹیموں میں جگہ ملی ہے جبکہ نہرا کو صرف ٹی 20ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ ایون مورگن کی قیادت والی انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف اس پریکٹس میچ سے پہلے ان تینوں نے ہی کافی وقت سے مسابقتی میچ نہیں کھیلا ہے۔
37سال کے نہرا دہلی کے لئے اب تک موجودہ گھریلو سیشن میں نہیں کھیلے اور وہ تال میں آنے اور میچ فٹنس کا اندازہ کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے۔یوراج ہندوستان کی جانب سے آخری بار مارچ 2016میں ورلڈ ٹی 20میں کھیلے تھے لیکن وہ دسمبر 2013سے ون ڈے نہیں کھیلے ہیں،وہ گزشتہ 19ون ڈے میچوں میں صرف 18.53کے اوسط سے رن بنا پائے ہیں،تاہم رنجی ٹرافی میں یوراج نے پنجاب کی جانب سے کھیلتے ہوئے پانچ میچوں میں 672رنز بنائے جس کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔دہلی کے اوپنر شکھر دھون بھی چوٹوں کے بعد کل کے میچ کے ذریعے کرکٹ میں واپسی کر رہے ہیں۔امکان ہے کہ وہ مندیپ سنگھ کے ساتھ مل کر انڈیا’’اے‘‘کی اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔چوٹ سے جوجھ رہے آل راؤنڈر ہاردک پنڈیا بھی اب فٹ بتائے گئے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20، دونوں ٹیموں میں انہیں جگہ ملی ہے اور کل کے میچ کے ذریعے ان کی فٹنس کا بھی ٹیسٹ ہوگا۔
ہندوستان’’اے‘‘:شکھر دھون، مندیپ سنگھ، امباتی رائیڈو، یوراج سنگھ، مہندر سنگھ دھونی (کپتان اور وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، سنجو سیمسن، کلدیپ یادو، یجوندر چہل، آشیش نہرا، موہت شرما اور سدھارتھ کول۔
انگلینڈ:ایون مورگن (کپتان)، معین علی، جانی بییرسٹا، جیک بال، سیم بلگس، جوس بٹلر، لیام ڈاسن، یلیکس ہیلز، لیام پلنکٹ، عادل راشد، جیسن رائے، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی اور کرس ووکس۔